بھٹکل28؍اگست (ایس او نیوز)بھٹکل کے ساگر روڈ پر واقع 2.5ایکڑ کے وسیع و عریض میدان میں سرکاری بس ڈپو کی تعمیر کا کام بالآخر شروع ہوگیا ہے۔دراصل ساگر روڈ پر گولی کٹے نامی مقام پر جس میں بلال کھنڈ اور وینکٹاپور علاقے کی جنگلاتی زمین شامل ہے، وہاں پرکے ایس آر ٹی سی کا نیا بس ڈپو تعمیر کرنے کی تجویز گزشتہ پانچ چھ سال قبل ہی منظور ہوئی تھی۔اور ۲۰۱۱ ء میں ہی سرکار کی طرف سے بس ڈپو کی تعمیر کے لئے فنڈ بھی منظور ہوچکا تھالیکن چونکہ فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے یہ جگہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے نام پر منتقل نہیں کی گئی تھی، اس لئے تعمیری کام اب تک شروع نہیں کیا جاسکا تھا۔
دوسال پہلے اس مجوزہ ڈپو والی جگہ پر ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے کمپاونڈ تعمیر کرلی تھی۔ گزشتہ سال محکمہ جنگلات نے زمین منتقل کرنے کے سلسلے میں گرین سگنل دیا تھا۔ چار سال قبل حکومت کی طرف سے اس ڈپو کی تعمیر کے لئے 4.5کروڑ روپے منظور ہوئے تھے۔ مگر کام شروع نہیں کیا جاسکا تھا۔ اب پتہ چلا ہے دوبارہ ٹینڈر لینے کے بعد گزشتہ ہفتے سے اس جگہ پر تعمیرات کا آغاز ہوگیا ہے۔اس علاقے میں موجود درخت اور گھاس وغیرہ ہٹا کر وہاں پتھر، ریت اور دوسرا تعمیراتی سامان جمع کیا جارہے۔ ٹھیکے دار کا کہنا ہے کہ اگر ریت صحیح مقدار میں بر وقت مل جاتی ہے تو پھر یکم ستمبر سے تعمیر کا کام شروع ہوگا اور ممکنہ حد تک اسے جلد ازجلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
فی الحال موجودہ بس اسٹانڈ سے متصل جو ڈپو ہے اس میں بسوں کے لئے جگہ بہت ہی ناکافی ہوتی ہے۔اس کے پیش نظر اب یہ وسیع وعریض ڈپو تعمیر کیا جارہا ہے تاکہ بھٹکل شہر جو تیز رفتاری سے بڑھ رہا ہے اس کی ضرورتوں کو پوراکرنے میں دقت نہ ہو۔اس وقت چونکہ شہر کے لئے ایک بہت بڑے بس اسٹانڈ کی بھی شدید ضرورت ہے۔لہٰذا بس ڈپو کو دوسری جگہ پر منتقل کرنے کا منصوبہ وقت کی ضرورت بن کر سامنے آیا تھا۔ جیسے ہی موجودہ بس ڈپو نئی جگہ منتقل ہوجائے گا، تو پھر موجودہ بس اسٹانڈ کے لئے بھی متصل جگہ اور سہولت حاصل ہوجائے گی۔ایسے میں عوام کی خواہش ہے کہ چونکہ یہ بس اسٹانڈ اب بہت ہی پرانا ہوچکا ہے، اس لئے دیگر شہروں کی طرح اس بس اسٹانڈ کو بھی جدید اور ہائی ٹیک بنانے کے بارے میں متعلقہ محکمہ اور عوامی نمائندوں کو دلچسپی لینی چاہیے۔